بنگلورو،30؍جنوری(ایس اونیوز) کرناٹک ہائی کورٹ نے ریاست میں کمبالا (بھینسوں کی دوڑ) پر عارضی پابندی ختم کرنے سے آج انکار کردیا، جس سے ریاست میں حکمراں کانگریس حکومت کو بڑا دھچکا لگا ہے ۔چیف جسٹس ایس کے مکھرجی نے سماعت کے لئے پیش سرکاری عرضی کی سماعت دو ہفتے کے لئے ملتوی کردی ۔ ہائی کورٹ میں کل جلی کٹو کو اجازت دینے سے متعلق تمل ناڈو حکومت کے آرڈی ننس کے خلاف دائر مفاد عامہ کی ایک عرضی پر سماعت ہونی ہے اور اسی کے مدنظر عدالت نے اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں دیتے ہوئے انتظار کرنے کا متبادل اپنایا ۔سرکاری وکیل نے گذشتہ نومبر میں جاری عارضی پابندی کے حکم کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے کمبالا کے دوران جانوروں پر کسی طرح کی بے رحمی کی جانچ کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور کابینہ نے تمام احتیاط ملحوظ رکھتے ہوئے کمبالا کی اجازت دینے کے متعلق آرڈی ننس لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہو ں نے عدالت سے کہا کہ کمبالا جلی کٹو سے مختلف ہے اور اس میں بھینسوں کی دوڑ کے دوران ان پر کسی طرح کی بے رحمی نہیں برتی جاتی ہے ۔